امریکہ کا وبائی امراض کی نگرانی کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو 36 ہیلتھ وہیکلز کا عطیہ

Published On 04 August,2022 07:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی حکومت نے خیبر پختونخوا حکومت کے محکمہ صحت کو 36 ہیلتھ وہیکلز عطیہ کی ہیں جن کی بدولت دور افتادہ علاقوں میں کورونا سمیت دیگر وبائی امراض کی ٹریکنگ اور تدارک میں مدد ملے گی، یہ عطیہ امریکی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ذریعے فراہم کیا۔

اس سلسلے میں باضابطہ تقریب کا انعقاد سول سیکرٹریٹ پشاور میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم اور صوبائی وزیر برائے صحت و فنانس تیمور ایس خان کی قیادت میں ہوئی۔

یو ایس ایڈ سے جاری بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال امریکہ اور پاکستان کے درمیان شاندار شراکت داری کے 75 سال پورے ہونے کا سنگ میل حاصل ہوا۔

انہوں کہا کہ ہم خیبرپختونخوا میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ ہیلتھ وہیکلز اور تربیت سے طبی عملے کے لوگ دور افتادہ علاقوں سے بروقت اطلاعات حاصل کرکے لوگوں کو وبائی امراض سے بچاسکیں گے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وزیر برائے صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم کے دورہ اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس موقع پرڈیزیزسرویلنس اور ریسپانس یونٹس کو ہیلتھ وہیکلز کی فراہمی پر امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے تعاون کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان 36 ہیلتھ وہیکلز کو صوبے میں کورونا سرویلنس اور ویکسینیشن مہم کی مانیٹرنگ کیلئے بروئے کار لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم یو ایس ایڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں جس کے ذریعے صوبے میں صحت کے نظام کو مستحکم اور پائیدار بنانے میں مدد ملی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی حکومت نے پاکستان کو اب تک 6 کروڑ 10 لاکھ کورونا ویکسین کے ڈوزز عطیہ کئے ہیں، اس کے علاوہ امریکہ نے مزید ایک کروڑ 60 لاکھ پیڈیاٹرک ڈوززفراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جن کی آمد جلد متوقع ہے۔

کورونا وبا کے شروع سے امریکی حکومت نے پاکستان کو 70.4 ملین ڈالر کی براہ راست امداد فراہم کی جبکہ 13.8 ملین ڈالر کورونا کی وبا سے لڑنے کیلئے فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ 20 ملین ڈالر کی مزید امداد فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

علاوہ ازیں امریکی حکومت نے 64 پاکستانی اسپتالوں کو 200 وینٹی لیٹرز فراہم کئے جن کی بدولت ریسپائریٹری کیئرکیپیسیٹی میں 30 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ان جدید وینٹی لیٹرز کو استعمال کرنے کیلئے 400 ہیلتھ کیئر ورکرز کو تربیت فراہم کی گئی۔

امریکی حکومت نے یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کے تمام 155 اضلاع میں سرویلنس اور ریسپانس ٹیموں کو ہیلتھ الرٹ فون اپلی کیشن فراہم کی جس سے انہیں پسماندہ علاقوں میں کورونا کے نئے کیسز کا کھوج لگانے میں مدد ملی۔
 

Advertisement