پی ٹی آئی رہنما شہباز گل اسلام آباد سے گرفتار، بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج

Published On 09 August,2022 02:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا، ان کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو گرفتار کر کے تھانہ بنی گالہ منتقل کر دیا، گرفتاری کے دوران شہباز گل کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ڈرائیور کی جانب سے تشدد کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کس کس کو گرفتار کروگے؟ کتنے صحافیوں پر پابندی لگاؤ گے؟ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔ کل رات ایک خوفناک پلان تھا لیکن عمران خان کے جانثاروں نے واضح پیغام دیا عمران خان ریڈ لائن ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز گل کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں نے اسسٹنٹ پر تشدد کیا اور شہباز گل کو اغوا کر لیا۔

مرکزی رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو گرفتار کرنے والوں نے وردی نہیں پہن رکھی تھی جبکہ فرخ حبیب نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرایا اور دھمکایا نہیں جاسکتا۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شہباز گل کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ  ملک اپنے بدترین سیاسی بربریت کے دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے شاعرانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ "زبان  زباں بندی نہی ہوگی، جبر کا نظام نہیں چلے گا، جس سے ہے مجھے ربط وہ ہے کون، کہاں ہے الزام کے دینے سے تو الزام نہ ہوگا"۔

 

 

 

Advertisement