لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کابینہ کے متعدد وزراء کے محکمے تبدیل کردیئے گئے، نئے محکموں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ بشارت سے پبلک پراسیکیوشن کا محکمہ واپس لے کر کو آپریٹو کے ساتھ پارلیمانی امور اور محکمہ ماحولیات دے دیا گیا، وزیر قانون و پارلیمانی امور خرم شہزاد ایڈووکیٹ سے پارلیمانی امور کا محکمہ واپس لے لیا گیا، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا محکمہ واپس لے لیا گیا وہ اسپشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی وزیر کے طور پر فرائض سرانجام دیں گی۔
نئے بننے والے وزیر اختر ملک کو پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا محکمہ دے دیا گیا، راجہ یاسر ہمایوں سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا محکمہ واپس لے کر سپیشل اسسٹنٹ ارسلان خالد کو دے دیا گیا، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب بریگیڈئیر محمد مصدق عباسی کو اینٹی کرپشن کے ساتھ پبلک پراسیکیوشن کا محکمہ دے دیا گیا۔