ڈیڑھ لاکھ روپے فی سرکاری حاجی واپس کیے جائیں گے: وزیر مذہبی امور

Published On 15 August,2022 09:08 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ حجاج کو تمام سہولیات فراہم کی گئیں، بچت مہم کے تحت منگل سے فی سرکاری حاجی ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کیے جائیں گے، رقم 17 سے 31 اگست تک واپس کی جائے گی۔

اسلام آباد میں پوسٹ حج پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پاکستانی حجاج کو ان مقامات پرٹھہرایا گیا جہاں صحابہ کرام ٹھہرتے تھے، حجاج کو تین وقت کا کھانا اور بہترین سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، بینکوں کی غلطی سے جو عازمین رہ گئے تھے ان کے لئے دو ہزار کا اضافہ کوٹہ سعودی عرب نے جاری کیا، سرکاری سکیم کے تحت 8 لاکھ 60 ہزار اخراجات تھے، وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں شاندار انتطامات پر وزارت حج کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیرمذہبی امور نے کہا کہ پاکستانی حجاج کیساتھ سبسڈی کا وعدہ کیا تھا جو پورا ہوا، اضافی دو ہزار افراد کو بھی سبسڈی میں شامل کیا گیا، فی حاجی ایک لاکھ 43 ہزار تک سبسڈی دی گئی، بچت یقینی بناتے ہوئے حجاج کو تمام سہولیات فراہم کی گئیں، بچت مہم کے تحت منگل سے فی سرکاری حاجی ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کیے جائیں گے، رقم 17 سے 31 اگست تک واپس کی جائے گی، جن حجاج کے بینک اکاؤنٹ نہیں انہیں پے آرڈر کے ذریعے ادائیگی ہوگی، اپنے عملے کیساتھ سختی کرنے کیلئے ڈائریکٹر حج کو شوکاز جاری کیا تھا، شوکاز کا تعلق حاجیوں سے نہیں انتظامی معاملہ تھا۔
 

Advertisement