سعودیہ اور خلیجی ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جا رہی ہے

Published On 09 July,2022 08:38 am

مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے، مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور مناظر دیکھے گئے ہیں۔

شاہی خاندان کے ارکان، علماء و شیوخ نے نماز عید میں شرکت کی، نمازِ عید کے اجتماعات کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔

اس موقع پر اسلام کی سر بلندی، امتِ مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

دوسری جانب مطاف میں حجاج کا طواف حسب معمول جاری رہا، حجاج کی گروپ کی شکل میں حرم آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل حجاج کے قافلے وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں رات گزارنے اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ پہنچ رہے ہیں، عیدالاضحیٰ کے پہلے دن حجاج رمی کررہے ہیں ، آج صرف بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

جس کے بعد حجاج اپنا وقت عبادت میں گزاریں گے، قربانی کے بعدحجاج کرام سر منڈوا کر احرام کی حالت سے باہر آ جائیں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج رات منیٰ میں گزاریں گے۔
 

Advertisement