سیلاب اور بارشیں، 630 افراد جاں بحق، 72 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا

Published On 17 August,2022 10:11 pm

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں موسم برسات کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 630 افراد جاں بحق اور 1130 زخمی ہو چکے ہیں، اس آفت سے 72 ہزار 5 سو مکانات کو نقصان پہنچا، 8 ہزار 7 سو افراد کو بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

ان اعدادوشمار کی تصدیق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امدادی کیمپ قائم کئے گئے ہیں اور متاثرہ افراد کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی طبی دیکھ بھال کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں، متعلقہ محکمے عوام کی جانوں کے تحفظ کے لئے چوکس ہیں، آج سے شروع ہونے والی بارشوں سے ڈیمز میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے، این ڈی ایم اے اور وفاق مل کر اس مشکل گھڑی میں کام کررہے ہیں، 9 لاکھ لوگوں کیلئے راشن مہیا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات، کمبل، مچھر دانیاں فراہم کررہے ہیں، دن رات کام کرکے لوگوں کی مشکلات میں کمی لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
 

Advertisement