لاہور: (دنیا نیوز) سیہون شریف میں گذشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث دریائے سندھ اور منچھر جھیل کے پانی میں بھی اضافہ ہورہا ہے جبکہ کچے کے علاقوں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گبول ڈیم کا پانی بھی اوور ٹاپ ہوگیا ہے۔
سیہون شریف میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، سیہون شریف کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی ہوگئی ہے، جہانگارا، نئینگ شریف کا سیہون شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، پہاڑی علاقے میں گبول ڈیم بھی پانی سے بھر چکا ہے، گبول ڈیم کا پانی اوور ٹاپ ہورہا ہے۔
دوسری جانب منچھر جھیل کے پانی میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور دریائے سندھ میں سیہون کے مقام پر پانی کی سطح میں بلندی ہورہی ہے، دریائے سندھ کے پانی میں بلندی کے باعث سیہون کے کچے کے 50 سے زائد دیہات زیر آب آ چکے ہیں، دیہاتوں کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، لوگوں نے کشتیوں کا استعمال شروع کردیا ہے جبکہ سیہون اور بھان سید آباد شہر کے نشیبی علاقوں میں بھی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے، تاہم انتظامیہ نے نکاسی آب کا عمل تاحال شروع نہیں کیا جس کے باعث عام زندگی مفلوج بن چکی ہے۔