اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے 80 ارب روپے چاہئیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو قربانی اور ایثار کا جذبہ قوم اور اداروں نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے موقع پر دکھایا آج بھی وہی جذبہ دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم آگے بڑھ کر ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے متاثرین کی جلد امداد اور بحالی میں کامیاب ہوسکتے ہیں،سیلاب زدگان کےلیے قائم فنڈ میں دل کھول کرعطیات جمع کرائیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ایثاراور قربانی میں ہماری قوم دنیا میں سب سے آگے ہے،میں سب سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں،مصیبت زدہ بھائیوں کی انصار مدینہ کی طرح مدد کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،بلوچستان اور سندھ میں تباہی وبربادی سے قیامت صغریٰ کا منظر ہے،سینکڑوں پاکستانی سیلاب کی بے رحم موجوں کی نظر ہوچکے ہیں،بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں،مال مویشی، فصلوں ، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں،وفاقی وصوبائی اداروں اور مسلح افواج کے بھرپورتعاون سے ہم سب مل کر دن رات کام کررہے ہیں،اب تک مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لئے مہیا کئے جارہے ہیں۔