اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف پی ڈی ایم کا توشہ خانہ ریفرنس غیر موثر قرار دے کر خارج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن ضابطہ اخلاق توڑنے پرسابق وزیراعظم عمران خان کی جرمانہ کی سزا بحال کردی گئی ہے جبکہ توشہ خانہ ریفرنس میں پی ڈی ایم کو دھچکہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ریفرنس غیر موثر قراردے کر خارج کر دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے پی ڈی ایم کے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی، سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پہلے ہی زیر سماعت ہے اس لیے پی ڈی ایم کا ریفرنس غیر موثر قرار دیا جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے محسن شاہنواز رانجھا کی طرف سے عمران خان کی نااہلی کیلئے جمع کرائی گئی پی ڈی ایم کی متفقہ درخواست کو غیر موثر قرار دے کر خارج کردیا۔
دوسری طرف کمیشن نے ڈی ایم او لوئر دیر کی عمران خان اور اسد عمر کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر50 پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواستیں عدم پیروی پرخارج کردیں اور عمران خان، اسد عمر کو 50، 50 ہزار جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس پر سماعت 29 اگست کو ہوگی۔