اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کی درخواست پر جواب جمع کروانے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کیلئے ریفرنس پر سماعت ہوئی، درخواست گزار محسن شاہنواز رانجھا اور حکومتی اتحاد کے وکیل خالد اسحاق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے الیکشن کمیشن سے جواب جمع کروانے کے لیے 3 ہفتے کا وقت مانگا، چیف الیکشن کمشنر کا بیرسٹر گوہر خان سے استفسار کیا کہ آپ کو 3 ہفتے کا وقت کیوں چاہیے؟
وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے پاس توشہ خانہ ریفرنس نمٹانے کے لیے 3 ماہ کا وقت ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کروانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔