راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کی جانب سے ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 63 امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں جبکہ بلوچستان میں 41 اور خیبرپختونخوا میں 3 کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی امداد میں مصروف جوانوں سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ آرمی چیف خود سیلاب متاثرہ علاقوں میں جا کر امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ لیں گے۔