کراچی (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، جہاں تک ممکن ہوا متاثرین کی مدد کریں گے۔ اپوزیشن نے اگرجلسہ جلسہ کھیلنا ہے تو ان کی مرضی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، جہاں تک ممکن ہوا متاثرین کی مدد کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف پر بھی تنقید کے نشترچلاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اگر جلسہ جلسہ کھیلنا چاہتی ہے تو
یہ ان کی مرضی ہے، ہماری اولین ترجیح سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہے۔
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی بھی حکومت اس پیمانے
پر قدرتی آفت کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔
دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ترک ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران بلاول بھٹو نے ترک وزیر خارجہ کو پاکستان میں غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب کے نقصانات سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو نے فوری طور پر رضا کار بھیجنے پر ترک وزیر خارجہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ بحرانوں کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔