اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے چین کے صوبہ سنکیانگ بارے انسانی حقوق ہائی کمشنر رپورٹ کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کے صوبہ سنکیانگ کے بارے میں انسانی حقوق ہائی کمشنر رپورٹ کا نوٹس لیا ہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کے ساتھ چین کی تعمیری مصروفیات کو سراہتے ہیں۔
عاصم افتخار کے مطابق پاکستان سنکیانگ میں سماجی و اقتصادی ترقی اور امن و استحکام کے لیے چین کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، چین نے 35 سالوں میں 70 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو غربت سے نکالا، چین کے اقدامات سے لوگوں کے حالات زندگی بہتر ہوئے اور بنیادی انسانی حقوق سے لطف اندوز ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کے ساتھ چین کی تعمیری مصروفیات کو سراہتے ہیں، پاکستان تمام انسانی حقوق کو عالمی سطح پر آگے بڑھانے کے لیے اپنے مستقل عزم کا اعادہ کرتا ہے، بطور رکن پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی آزادی، خودمختاری اور ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کا احترام ضروری ہے۔