پاکستان کی بھارت میں نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت

Published On 24 August,2022 04:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے بی جے پی کے عہدیدار کی طرف سے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا گیا بی جے پی رکن راجہ سنگھ کی طرف سے حضور ﷺ کے متعلق انتہائی اشتعال انگیز اور توہین آمیز ریمارکس کی سخت مذمت کرتا ہے، اس گھناؤنے واقعے پر بی جے پی کی قیادت کی خاموشی انتہا پسند ہندووٴں کیلئے حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔ حقیقت یہ ہے بھارت غیر اعلانیہ ’ہندو راشٹرا‘ سے زیادہ کچھ نہیں، جہاں مسلمانوں کو بدنام کیا جاتا ہے، اور مذہبی عقائد کو اکثریتی تسلط کے تحت پامال کیا جاتا۔


عاصم افتخار نے زور دیا کہ حالیہ واقعہ مسلمانوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جنونی طور پر نفرت انگیز رویے اور اسلامو فوبیا کی تشویشناک صورتحال کو اجاگر کرتا ہے، یہ انتہائی قابل مذمت ہے راجہ سنگھ کو گرفتاری کے چند گھنٹوں کے اندر ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور لوگوں نے خیرمقدم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ عہدیدار کے خلاف بی جے پی کی طرف سے کی گئی علامتی اور غیر موثر تادیبی کارروائی بھارت اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے درد اور غم کو دور نہیں کرسکتی، ان انتہائی تضحیک آمیز ریمارکس سے پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے، گزشتہ تین ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ بی جے پی کے کسی سینئر لیڈر نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کی ہے۔