لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے دوران مزید دو کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کر دیا۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے اعلان کیا ہے کہ امریکا یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے دو کروڑ ڈالر (تقریباً پانچ ارب روپے) کی اضافی امداد فراہم کر رہا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیلابوں کے اثرات پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پر محسوس کیے گئے ہیں۔ سیلاب سے ساڑھے تین کروڑ پاکستانی متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً ایک ہزار 400 سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ 12,700 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
سمانتھا پاور نے کہا کہ انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے، جس میں 17 لاکھ سے زیادہ مکانات، ایک کروڑ 38 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی، ہزاروں میل سڑکیں اور سینکڑوں پل تباہ ہو گئے ہیں۔ یہ امداد اس سے قبل اعلان کردہ تین کروڑ ڈالر کی گذشتہ ہفتے کی گئی امداد کے علاوہ ہے۔
یو ایس ایڈ کے بیان کے مطابق 12 اگست کے بعد سے امریکہا نے پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے پانچ کروڑ ڈالر سے زیادہ کی آفات سے متعلق امداد فراہم کی ہے۔ ان اضافی فنڈز کے ساتھ، یو ایس ایڈ کے شراکت دار ہنگامی امدادی سامان، نقد امداد ،پناہ گاہوں، ذریعہ معاش، لاجسٹکس اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسپانس کوآرڈینیشن سسٹم کی فراہمی جاری رکھیں گے۔ یو ایس ایڈ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کی امداد کو پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے متوقع پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر بھی ترجیح دے گا۔