اسلام آباد( دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اُن کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران یو این سیکرٹری جنرل پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، سیکریٹری جنرل سیلاب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کریں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کریں گے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔
انتونیو گوتریس عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر امداد کی اپیل بھی کریں گے، وہ اس سے پہلے بھی دنیا کو سیلاب متاثرین کی امداد کی اپیل کر چکے ہیں۔