سیلاب سے تباہی، مزید 36 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 1391 ہوگئی

Published On 08 September,2022 07:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 36 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1391 ہوگئی ہے، زخمیوں کی تعداد ساڑھے 12 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سندھ میں 35 جبکہ خيبرپختونخوا میں مزید 1 شخص سیلاب سے جاں بحق ہوا۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے مجموعی طور پر سب سے زيادہ 577 اموات سندھ میں ريکارڈ کی گئیں، بلوچستان میں 263، خيبرپختونخوا میں 293، پنجاب میں 191، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 44 افراد زندگى کى بازى ہار گئے، سندھ میں 8 ہزار 321، پنجاب میں 3858، خیبر پختونخوا میں 351 جبکہ بلوچستان میں 166 افراد زخمى بھی ہوئے۔

دوسری جانب ملک بهر میں 11 لاکھ 73 ہزار 288 گھروں کو جزوى نقصان پہنچا جبکہ 5 لاکھ 65 ہزار 878 گھر مکمل تباہ ہو گئے، 246 پل اور 6688 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئیں، ملک بھر میں 7 لاکھ 54 ہزار 708مويشی بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔
 

Advertisement