بظاہر مسیحا بننے والے سیلاب میں بھی سیاست چمکا رہے ہیں: خواجہ سعد رفیق

Published On 12 September,2022 11:23 am

لاہور( دنیا نیوز) احستاب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق دونوں عدالت پہنچے۔

احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس پرسماعت میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے حاضری مکمل کروائی، ملزمان کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ اشتہاری ملزمان ندیم ضیاء پیزادہ اور فرحان علی شامل تفتیش ہوچکے ہیں، نیب نیا ریفرنس دائر کرنا چاہتا ہے یا نہیں جب کہ شامل تفتیش ہونے ہونے والے ملزمان نے بیان حلفی دیا ہے،ملزمان کے بیان حلفی کے مطابق متاثرین کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ متاثرین سے ویری فکیشن کے لیے مہلت فراہم کی جائے جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے، سیلاب کی وجہ سے اربوں ڈالر کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا، سندھ میں سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی ہوئی، ریلوے ٹریک ڈوبے ہوئے ہیں جائزہ لینے کیلئے جلد سندھ کا دورہ کروں گا۔

خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر مسیحا بننے والے سیاست چمکانے میں مصروف ہیں، یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ،آگے بڑھ کر سیلاب زدگان کی مدد کریں، پی ڈی ایم اے، ریسکیو ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کررہے، سیلاب زدگان کی مدد نہ ہوسکے تو ایسی مہم بھی نہ چلائی جائے،سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ ایو ایس ایڈ کہیں اور جا رہی ہے ایسے بیانات پر شرم آنی چاہیے۔