پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس: 10 لیگی ایم پی ایز کی عبوری ضمانتیں کنفرم

Published On 20 September,2022 09:38 am

لاہور: (دنیا نیوز)پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں اہم پیشرفت ہوگئی، سیشن عدالت نے رانا مشہود سمیت 10 لیگی ایم پی ایز کی عبوری ضمانتیں کنفرم کرنے کا حکم دے دیا ہے اور ملزمان کو پچاس پچاس ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج محمد یاسین موہل نے ضمانتوں پر سماعت کی، رانا مشہود ،سیف الملوک کھوکھر، اویس لغاری سمیت 10 ملزمان پیش ہوئے، پولیس نے مکمل تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

دوران سماعت ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے مقدمے میں نامزد کیا ہنگامہ آرائی کیس سے کوئی تعلق نہیں

پراسکیوشن نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے، تفتیش مکمل کرنے کے لئے گرفتاری درکار ہے،عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر تمام ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کردیں اور ملزمان کو پچاس پچاس ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

یاد رہے کہ عدالت نے تمام ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا، تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے ملزمان کو مقدمے میں نامزد کررکھا ہے۔

سیشن عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں اگلا آرمی چیف انکی مرضی کا ہو، عمران خان نے کل کہا کہ اگلے دو ماہ تک اقتدار میں نہ آیا تو ہم سب کچھ کھو دیں گے ، عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں وہ پہلے ہی قوم کا اعتماد کھو چکے ہیں،ان کے منفی عزائم پاکستانیوں کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ عنقریب فارن فنڈنگ، توشہ خانہ ،پنکی پیرنی کیسز کے جرم میں عمران خان جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، بجلی کے بلز، پٹرول ، روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں مہنگی ہونے کے ذمہ دار عمران خان اور انکی جماعت ہے

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف مہنگائی کا جن اگلے چند ماہ میں قابو کر کے دکھائیں گے، وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں خطاب پوری دنیا کیلئے روڈ میپ ہوگا، شہباز شریف صرف پاکستان کی نہیں پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں، وزیراعظم اسلامو فوبیا کے خلاف یو این کے اندر آواز اٹھائیں گے۔
 

Advertisement