ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، مفاد پرستوں کا گروہ ہے: میاں اسلم اقبال

Published On 26 September,2022 03:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کرائم منسٹر کی آڈیو لیک تشویش ناک ہے، آڈیو لیک سے شریف خاندان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آگیا، کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والی بھارتی حکومت کے ساتھ شریف برادران کے تجارتی مراسم معنی خیز ہیں۔

اپنے بیان میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ شریف خاندان نے ہمیشہ اپنے کاروباری مفادات کو ریاستی مفادات پر ترجیحی دی، پاکستان کے حکمران ہوتے ہوئے بھارت سے کاروباری تعلقات رکھنے والے خاندان پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا،ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، مفاد پرستوں کا گروہ ہے،شریف خاندان نے ن لیگ کو فیملی لمیٹڈ کمپنی بنا دیا۔

میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ شریف برادران کاروبار باہر اور حکومت پاکستان پر کرتے ہیں،ان کے ہوتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آسکتی، وفاق میں بیٹھا کرپٹ ٹولا معاشی تباہی کا ذمہ دار ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی سے معشیت بحال نہیں بلکہ کرپشن کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے ،ملک کو مزید معاشی تباہی سے بچانے کیلئے کرپٹ حکمرانوں سے نجات ضروری ہے، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں جدوجہد کے ذریعے کرپٹ ٹولے کو اقتدار سے باہر کرنے کا وقت آگیا۔
 

Advertisement