ضلع کرم میں افغان حدود سے فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

Published On 30 September,2022 06:54 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) افغانستان کی حدود سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان وطن پر قربان ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغانستان کی حدود سے دہشتگردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کر دی۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا ہے، دہشتگردوں کیخلاف لڑائی کے دوران سپاہی جمشید اقبال شہید ہو گیا، 27 سالہ سپاہی کا تعلق چنیوٹ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔ توقع کرتا ہے عبوری افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔