عمران کبھی مذہبی اور کبھی غداری کا ٹچ دیتے،فتنہ لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے:سعد رفیق

Published On 12 October,2022 02:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کبھی مذہبی ٹچ اور کبھی غداری کا ٹچ دیتے ہیں، یہ فتنہ لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے لیکن ہم نے انتقامی سیاست کو برداشت کیا۔ عمران خان نے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی میں شخصی آمریت ہے جبکہ عمران خان کا اصول اور سچائی سے کوئی تعلق نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے سازش کا بیانیہ بنانانے کی کوشش کی اور عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ ان کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی تاہم ہمیں عمران خان کی گرفتاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے متعلق معاملے پر جو کیا سب نے دیکھا اور عمران خان کا اب بھی بس چلے تو اپنے مخالفین کو کچا کھا جائیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان آڈیو کو ٹیسٹ کروائیں، دعوے نہ کریں اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی کہہ دیا کہ کوئی سازش نہیں تھی۔ عمران خان کا سازشی بیانہ دم توڑ گیا۔