لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے عمران خان سے سوالات کے جوابات مانگ لئے اور کہا کہ سابق وزیراعظم سیلاب متاثرین کے نام پر اکٹھی ہونے والی امداد کا حساب دیں، فتنہ پھیلانے کی کوشش کی تو چیئرمین پی ٹی آئی کو الٹا لٹکائیں گے۔
پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر برس پڑیں کہ فتنہ خان ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جب وہ اقتدار میں تھے تب بھی اور اپوزیشن میں ہیں، اب بھی ملکی معیشت کو تباہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے تین سوالوں کے جواب دیں، کتنے پیسے اکٹھے کئے؟ پیسوں کا نام ڈونر سمیت سامنے آنا چاہیے، تمام پیسوں کا آڈٹ ہونا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر عمران خان نے فتنہ و فساد پھیلانے کی کوشش کی تو نہ صرف اسے الٹا ٹانگیں گے بلکہ پولیس کا طریقہ کار آزمائیں گے۔