اوکاڑہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کو اپنے ممکنہ لانگ مارچ سے قبل اوکاڑہ سے کامیابی ملی ہے جہاں پر مقامی مضبوط امیدوار نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اوکاڑہ انجمن مزارعین پنجاب کے جنرل سیکرٹری و امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 186 اوکاڑہ مہر عبدالستار پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے، اس بات کی تصدیق انہوں نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کی۔
پارٹی میں شمولیت پر پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے مہر عبد الستار کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔
یاد رہے کہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں اوکاڑہ سے مہر عبد الستار نے الیکشن آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑا تھا ۔
پارٹی میں شمولیت کے بعد بات کرتے ہوئے مہر عبد الستار نے کہا کہ اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ملکر ان کے منشور کے مطابق پاکستان میں ایک نئی حکومت کا قیام ہو گا۔ پاکستان کیلئے عمران خان جیسے حکمران کی جدو جہد قابلِ ستائش ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنان اور مرکزی قیادت کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔