اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن نے نوکری بچانے کیلئے مجھ پر جھوٹا کیس بنایا، عمران خان اور پنجاب حکومت کے ایما پر گھٹیا حرکت کی گئی، پنجاب حکومت کی فلاح وبہبود کے کاموں پر توجہ نہیں، ان لوگوں کو کچھ نہ ملے تو منشیات کے جعلی کیس بناتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے لانگ مارچ کے متوقع اعلان کے پیش نظر کہا ہے کہ ضمنی الیکشن جیتنے سے جتھہ کلچر اپنانے کا لائسنس نہیں مل گیا، منہ توڑ جواب دیں گے، پوری طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ جب آپ حکومت میں تھے مہنگائی ہو رہی تھی، سارے ضمنی الیکشن ہم جیت رہے تھے، ان ضمنی الیکشن کو جیتنے سے مراد یہ نہیں تھا کہ آپ کی حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کیا جائے، ہم نے آئینی طریقے سے آپ کی حکومت کو ختم کیا، ہم نے کوئی جتھہ کلچر نہیں اپنایا، اسلام آباد پر چڑھائی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اب آپ کو ضمنی الیکشن جیتنے سے کوئی ایسا لائسنس نہیں مل گیا کہ آپ جتھہ کلچر اپنائیں، اگر آپ نے ایسا کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پوری طاقت کا استعمال کیا جائے گا، ابتدا آپ نے کرنی ہے اس کا انجام ہم نے کرنا ہے، اگر ایسا کچلر اپنایا گیا آپ کی جانب سے تو پھر جتھہ ہی تیار کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلح وائلنس کر کےالیکشن نہیں حاصل کیے جاتے، الیکشن حاصل کرنا ہے تو میز پر آئیں، اگر یہ راستہ کھولیں گے تو یہ جموریت کی نفی ہو گی، رول آف لاء کی نفی ہوگی، ہم نے جمہوریت اور رول آف لاء کے لیے ساری زندگی جدوجہد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں نہ کہ ہمیں نہیں پتا کہ آپ نے کیا کرنا ہے، ہمیں سارا پتا ہے، اور ہم پوری طرح سے تیار ہیں، ہم جمہوریت، پارلیمنٹ، رول آف لاء کا دفاع کریں گے، ملک میں جو آپ فتنہ، افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں پوری قوم اور ساری سیاسی جماعتیں اسے طاقت سے روکیں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ جو ووٹ مجھے ملے وہ قوم تو میرے ساتھ ہے، جو میرے مخالف کو ملے وہ چور اور ڈاکو ہے، ملک کا دشمن ہے، یہ رویہ قابل مذمت ہے، یہ ملک کو کسی حادثے سے دوچار کر سکتا ہے، پوری قوم کو اس رویے کا قلع قمع کرنا پڑے گا۔