لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک معاشرہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے، ہم مل کر آنے والی نسلوں کو پولیو سے محفوظ بنا سکتے ہیں، پنجاب کے 14 اضلاع میں پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے انسداد پولیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پولیو سے پاک معاشرے کی قومی ذمہ داری ہر ایک کے کندھے پر ہے، آج کے دن اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کرتے ہیں، ہم مل کر معاشرے کو آنے والی نسلوں کے لئے پولیو سے پاک بنا سکتے ہیں۔
چودھری پرویزالہیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور موذی مرض سے بچائیں، پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم (ایس این آئی ڈیز) کا آغاز آج ہو رہا ہے، مہم پنجاب کے 14 اضلاع لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، میانوالی، خوشاب، سیالکوٹ، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور شروع کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم7 روز تک جاری رہے گی، باقی اضلاع میں مہم 5 روز تک جاری رہے گی۔