اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصل واوڈا کو پریس کانفرنس کرنے اور لانگ مارچ سے متعلق باتیں کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی رکنیت معطل کردی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کا بیان پارٹی پالیسی کے خلاف ہے، آپ دو ن کے اندر اپنے بیان پر وضاحت دیں، اس وقت تک آپ کی پارٹی رکنیت معطل رہے گی۔
— Ali Haider Zaidi (@AliHZaidiPTI) October 26, 2022
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اسد عمر نے لکھا کہ فیصل واوڈا کا بیان پارٹی پالیسی اور نظریات کی نمائندگی نہیں کرتا، صدر سندھ علی زیدی کو چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر بتایا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر فیصل کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے۔
— Asad Umar (@Asad_Umar) October 26, 2022
خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں اور لانگ مارچ میں لاشیں گریں گی۔
فیصل واوڈا نے لانگ مارچ سے متعلق بالکل غلط بات کی: فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے لانگ مارچ سے متعلق بالکل غلط بات کی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں کوئی گلو بٹ یا جے یو آئی جیسے لوگ نہیں ہوتے، ہمارا لانگ مارچ پرامن ہوگا، واوڈا اپنا خیال بیان کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا کیا مقصد تھا سمجھ نہیں آئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں اور لانگ مارچ میں لاشیں گریں گی۔
لاشوں کی سیاست عمران خان کا شیوہ نہیں: عمران اسماعیل
پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور سابق گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ فیصل واوڈا نہ جانے کس کی ایما پر یہ سب بول رہے ہیں، میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آج کی پریس کانفرنس کا اصل مقصد کیا تھا؟، ہمارا لانگ مارچ پر امن ہے، لاشوں کی سیاست عمران خان کا شیوہ نہیں، ارشد شریف شہید پر سیاست نہ کی جائے، لانگ مارچ پر امن ہوگا، اسے خراب کرنے کی سازش ناکام ہوگی۔
فیصل واوڈا نے بوٹ پالش کرنا شروع کر دیئے ہیں: اعجاز چودھری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعجازچودھری نے کہا کہ فیصل واوڈا نے تحریک انصاف کو چھوڑ کر بوٹ پالش کرنا شروع کر دیئے ہیں، فیصل واوڈا نے پاکستان کے عوام اور ارشد شریف کے جاننے والوں کو تکلیف پہنچائی، پورا ملک اس وقت غم میں ہے، تحریک انصاف کا ریکارڈ ہے ہمیشہ پرامن احتجاج کیے، عمران خان نے کلیئر کہا احتجاج پرامن ہوگا۔
فیصل واوڈا کو شائد خود بھی نہیں پتا تھا کیا کہنا چاہ رہے ہیں: عمر سرفراز
مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے دوست کے گھر جانے کے بجائے پریس کانفرنس کی، واوڈا کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہیں، فیصل واوڈا نے انتہائی نامعقول پریس کانفرنس کی، سرکاری چینل پر لائیو پریس کانفرنس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے پیچھے کون ہے، پریس کانفرنس کے بعد فوری نوازشریف کا بیان آیا، کوئی شک نہیں رہ گیا، فیصل واوڈا کو شائد خود بھی نہیں پتا تھا کیا کہنا چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس کو بھونڈی سازش قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ لانگ مارچ کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں، ڈاکوؤں کا ٹولہ حق اور سچ کی آواز کو دبانا چاہتا ہے، ارشد شریف کے ٹویٹ موجود ہے ان کو کن عناصرسے خطرہ تھا۔
فیصل واوڈا نے احسان فراموشی کا مظاہرہ کیا: مسرت جمشید چیمہ
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے احسان فراموشی کا مظاہرہ کیا، پارٹی نے فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے، فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا سر نا پاؤں تھا۔
کیا پی ٹی وی اب سے ہم سب کو روزانہ دکھائے گا؟ زلفی بخاری
زلفی بخاری نے بھی ٹویٹ کیا اور کہا کہ پی ٹی وی پنجاب یا کے پی کے کو منتقل کیا گیا ہے؟ کیا یہی وجہ ہے کہ پی ٹی وی نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو براہ راست نشر کیا؟ کیا پی ٹی وی اب سے ہم سب کو روزانہ دکھائے گا؟ یا یہ ایک خاص معاملہ تھا؟۔