اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں کل سے مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہوسکتا ہے جس سے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل شام یا رات ملک میں داخل ہو سکتا ہے اور 7 نومبر تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثرانداز رہے گا۔
کل شام سے7 نومبر کے دوران چترال، دیر، سوات، گلگت اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
حکام محکمہ موسمیات نے بتانا ہے کہ 5 سے 6 نومبر کے دوران دیر سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کشمیر، مری اور دیگرمقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے، اسی کے ساتھ 6 نومبر کی شام یا رات سے 7 نومبر کے دوران کوئٹہ اور ژوب میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارکھان، چمن، پشین اور دیگرمقامات پربھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی، جیکب آباد، سکھر، شہیدبینظیرآباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس دوران بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 5 سے7 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہونے کا امکان ہے جبکہ ملک کے جنوبی حصے میں بھی درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ بارش کاسلسلہ ختم ہونےکے ساتھ بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقے سردی کی لپیٹ میں آجائیں گے، تیز بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارش گندم کی فصل کی بوائی کے لیے فائدہ مند رہے گی جبکہ چاول کی کٹائی والے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔