فیصل آباد: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) بابا گرونانک کے جنم دے کی مناسبت سے سکھوں کے لئے چلائی گئی سپیشل ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، حادثے کے نتیجے میں کچھ یاتری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بابا گرونانک کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں اندرون سندھ اور ملک کے دیگر شہروں سے آنے والے سکھ یاتری سپیشل ٹرین سے ننکانہ صاحب جا رہے تھے، حادثے میں سکھ یاتری معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
محکمہ ریلوے نے ٹوئٹر بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھوں کے لئے کراچی سے ننکانہ صاحب آنے والی سپیشل ٹرین کی 9 بوگیاں شورکوٹ اور پیر محل اسٹیشن کے درمیان 7 بج کر 55 منٹ پر پٹڑی سے اتر گئیں جس پر فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق بیشتر مسافروں کو ٹرین کے پہلے حصے (جو ٹریک پر تھا) میں ایڈجسٹ کر کے 9:55 پر ننکانہ صاحب کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے جب کہ بقیہ مسافروں کی روانگی کا بھی انتظام کر لیا گیا ہے، حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔