لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی نیب انکوائری ختم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ نے 2 رکنی بنچ نے رانا ثنا اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
نیب کے وکیل فیصل بخاری نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر نیب نے جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا ہے، اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو منشیات کیس میں گرفتار کیا، ہائیکورٹ سے ان کی ضمانت ہوئی۔
رانا ثنا اللہ کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ اے این ایف نے کہا رانا ثنا اللہ نے ساری جائیداد منشیات کے کاروبار سے بنائی ہے، نیب کے مطابق رانا ثنا اللہ نے اثاثے کرپشن سے بنائے ہیں، نیب نے بھی جائیداد کی چھان بین کے لئے نوٹس بھیجا جسے عدالت میں چیلنج کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثنا اللہ کی نیب انکوائری ختم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
یاد رہے کہ نیب رانا ثنا اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کر رہا ہے جبکہ رانا ثنا اللہ نے نیب انکوائری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔