سمندری: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ناکام تجربہ ہے جس کو گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سمندری میں لانگ مارچ کے دوبارہ آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہے کہ گندم کی بوائی شروع ہے، حکومت ابھی تک گندم کی قیمت کا تعین نہیں کرسکی، حکومت ابھی تک گنے کا ریٹ نہیں دے سکی، گھر میں روٹی پکانے کے لئے گیس نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، حکومت آئی ایم ایف کا رونا رو رہی ہے، مہنگائی ختم کرنے کا بول کر آنے والے غریب ختم کررہے ہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ عوام کے خوف سے ہسپتال میں چلا گیا ہے ، ہم رانا ثناء اللہ کی صحتیابی اور ہدایت کے لئے دعا گو ہیں، شہباز شریف چیری بلاسم بھاگ کر لندن اپنے بھائی کے پاس پہنچا ہوا ہے۔