حیدر آباد سکھر موٹروے زمین خریداری میں 2.14 ارب کا گھپلا، جے آئی ٹی قائم

Published On 19 November,2022 06:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حیدر آباد سکھر موٹروے زمین کی خریداری کے فنڈز میں 2.14 ارب روپے گھپلے کے بعد چیئر مین اینٹی کرپشن محمد نواز شیخ کی سربراہی میں جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) قائم کر دی گئی۔

محمد نواز شیخ کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی سندھ کے ضلع مٹیاری میں موٹروے منصوبے فنڈز میں خورد برد کی انکوائری رپورٹ 10 روز میں دے گی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ وفاق سے ملنے والے 4 ارب روپے میں سے 2 ارب 14 کروڑ روپے خورد بر کئے گئے، موٹروے کیس میں ڈپٹی کمشنر عدنان رشید گرفتار ہیں، مرکزی ملزم اسسٹنٹ کمشنر منصور عباسی، اسلم پیر زادہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کروا لی۔

جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ کے دفتر میں ہوا، سکینڈل میں ملوث افراد کا فون سی ڈی آر اور دیگر ریکارڈ جمع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سکینڈل میں ملوث افراد سے پولیس کی طرز پر تفتیش بھی کرے گی۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بھی سکینڈل کی تحقیقات کے لئے دو رکنی کمیٹی قائم کردی۔
 

Advertisement