اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسان پیکج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو ٹیوب ویل پر سبسڈی دے رہی ہے، گوادر بندرگاہ کو فعال کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کسان پیکج پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، طارق بشیر چیمہ، انجینئر خرم دستگیر خان، مریم اورنگزیب، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسان پیکج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو ٹیوب ویل پر سبسڈی دے رہی ہے، حکومت اس مشکل وقت میں اپنے کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے ہر طرح کی مدد فراہم کررہی ہے، گندم اور یوریا کے 50 فیصد کارگو کیلئے گوادر پورٹ کو استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے گوادر بندرگاہ کا مکمل فعال ہونا کلیدی ہے، گوادر بندرگاہ کو فعال کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے، اجلاس کو کسان پیکج پر عملدرآمد پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کسانوں کو ٹیوب ویل پر دی جانے والی سبسڈی، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے دی جانے والی سہولت و مدد پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے، سیلاب متاثرہ کسانوں کی سہولت و مدد کیلئےحکومت ہر طرح کےاقدامات کررہی ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انہوں نےزرعی اجناس کے تمام کارگوز کے 50 فیصد حصے کیلئے گوادر پورٹ کے استعمال کی ہدایات جاری کر دی ہیں، بلوچستان کی ترقی کیلئے گوادر بندرگاہ کا مکمل فعال ہونا انتہائی ضروری ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 24, 2022