لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لئے بے مثا ل قربانیاں دیں ہیں۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ریئر ایڈمرل جاوید اقبال کی قیادت میں نیوی وار کالج کے زیر اہتمام 52 ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے ملکی و غیر ملکی شرکا نے ملاقات کی۔
اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے اور اس حوالے سے افواج پاکستان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی اورمعاشی عدم استحکام سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، جن ممالک نے ترقی کی ہے وہاں کم از کم 15،16 سال پالیسیوں کا تسلسل رہا ہے، معاشی استحکام کے لیے ملک میں پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے، پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے ملک میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، 2018 کے بعد یہ منصوبہ سست روی کا شکار ہوا لیکن اب حکومت دوبارہ اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی بھی ایک اہم مسئلہ ہے جس میں ایک اہم پہلو سیلاب متاثرین کو ٹراما سے باہر نکالنا ہے، چانسلر جامعات کے وائس چانسلرز کے ساتھ مل کر اس حوالے سے ایک موثر حکمت عملی بنا لی ہے۔
محمد بلیغ الرحمان نے افسران سے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس کورس میں آپ کی شرکت ایک باہمی افزودگی کا تجربہ ہو گی اور آپ کو بہتر علم، قابلیت اور صلاحیت سے لیس کیا جائے گا، میں آپ سب کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ ریئرایڈمرل جاوید اقبال نے گورنر پنجاب کو کورس کے مختلف خدوخال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کورس سے افسران کی قائدانہ صلاحیتوں کو جلا بخشنے، جنگ کے دوران موثر حکمت عملی اپنانے اور نیشنل سیکورٹی سے متعلق امور پر توجہ دی گئی۔
پاکستان نیوری وار کالج میں شرکت کرنے والے افسران کا تعلق پاکستان کے علاوہ دوست ممالک سعودی عرب، آذربائیجان، بحرین، بنگلادیش، انڈونیشا، عراق، اردن، ملائیشیا، میانمر، نائیجیریا، اومان، فسلطین، جنوبی افریقا اور سری لنکا سے تھا۔