لاہور: ( دنیا نیوز ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ توسیع دینا غلطی تھی تو جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو دوبارہ پیشکش ہی کیوں کی گئی؟، عمران خان ایک دن مذاکرات کی بات کرتے ہیں، دوسرے روز کہتے ہیں مذاق کیا تھا، ایسے میں ان سے کون بات کرے گا، پی ٹی آئی چیئرمین سیاسی یتیم بن چکے ہیں، اب نہیں کوئی سہولت کار ملیں گے اور نہ ہی کوئی جہاز ملے گا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بقول ن لیگ کی حکومت تو صرف 27 کلومیٹر پر مشتمل ہے ، عوام جس کی کارکردگی دیکھیں گے اسے ووٹ دیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ دو صوبوں کی حکومت تو چلا کر دکھائیں، ایک دوسرے کے گریبان پھاڑ کر ملک نہیں چلتے، انہیں کس چیز کی جلدی ہے؟ انہوں نے کون سی آگ بجھانی ہے؟ انہوں نے تو ابھی دیکھا ہی کچھ نہیں، ہم نے بہت بھگتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی 46 کوچز پاکستان آئیں گی جبکہ 56 کوچز پاکستان پہنچ چکی ہیں، منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، ریلوے انجنوں کے لیے چینی اور امریکی کمپنیوں سےبات ہوئی تھی، ریلوے کے وسائل بڑھانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، پچھلے 4 سال میں ریلوے کے لیےکچھ نہیں کیا گیا۔