آفرز پر پیسے لے لیں لیکن نظریے کے ساتھ رہیں: عمران خان کا خواتین ایم پی ایز کو مشورہ

Published On 21 December,2022 07:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ ہمیں اپوزیشن کی جانب پیسوں کی آفر کی جا رہی ہے اور ساتھ ہی نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کا بھی کہا گیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان سے خواتین ارکان اسمبلی نے ملاقات کی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ملاقات کے موقع پر خواتین ارکان اسمبلی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اپوزیشن کی جانب سے ہونے والی آفرز کے بارے میں آگاہ کیا۔

پی ٹی آئی کی خواتین ارکان نے کہا کہ ہمیں لالچ دیا جا رہا ہے کہ آپ کو مستقبل میں ٹکٹ دیں گے، اس موقع پر عمران خان نے ارکان اسمبلی کو مسکرا کر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ان سے پیسے لے لیں اپنے پاس رکھیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آپ نظریہ کے ساتھ رہیں ان کی آفرز کو انجوائے کریں، اجلاس کے موقع پر عمران خان نے مونس الہی کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔

اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمارا آئینی حق ہے: عمران خان

علاوہ ازیں زمان پارک میں وکلا گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملک میں جب تک رول آف لا نہیں ہو گا ملک ترقی نہیں کرے گا، امریکہ کی غلامی سے نکلنا ہے تو ملک میں رول آف لا لانا ہو گا۔

 پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہمارا آئینی حق ہے، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے ذمہ دار جنرل (ر) باجوہ ہیں۔

وکلا کے وفد کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کا وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنا غیر قانونی اقدام ہے، اس حوالے سے منظور وٹو کیس باکل کلئیر ہے۔ اس موقع پر عمران خان نے وکلا کو ملک بھر میں رول آف لا کی تحریک کو زورسے چلانے کا ٹاسک دیا۔