لاہور : (دنیا نیوز ) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے چوہدری پرویز الہیٰ کو بطور وزیراعلیٰ ڈی نوٹیفائی کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ( ق ) کی قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔
اجلاس میں چوہدری پرویز الہیٰ ، مونس الہیٰ، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان ، صوبائی وزیر راجہ بشارت اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران گورنر کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کرنے کے حوالے سے قانونی نکات پر مشاورت کی گئی اور سپیکر کی جانب سے بھی گورنر کے خلاف آئینی آپشنز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں گورنر کے خلاف صدر مملکت سے رجوع کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ، اس موقع پر دونوں جماعتوں کی قیادت کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کے حالیہ اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔