اسلام آباد: (دنیا نیوز) متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق پیر کو سماعت کریں گے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی کا کسی ادارے کو بدنام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تفتیش مکمل ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کے پاس اعظم سواتی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: متنازع ٹویٹ کیس، اعظم سواتی نے ضمانت بعدازگرفتاری کیلئےعدالت سے رجوع کرلیا
اعظم سواتی کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پٹیشنر کی عمر 75 سال اور عارضہ قلب میں مبتلا ہے، تمام کیس دستاویزی الزامات پر مبنی ہے، جیل میں رکھنا ٹرائل سے قبل سزا کے مترادف ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔