(ن) لیگ کے کارکن سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی الفاظ استعمال نہ کریں: خواجہ آصف

Published On 25 December,2022 04:33 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج موسم سرما کا سرد ترین دن ہے اس کے باوجود کارکنوں کی تشریف آوری پر شکر گزار ہوں، اقلیتی بہن بھائیوں کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائد اعظم اور میاں نواز شریف کا آج جنم دن ہے، ہم نواز شریف کی قیادت میں اس ملک کو مضبوط ترین بنائیں گے۔

سیالکوٹ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ سردی کے موسم میں کارکنوں کا جوش قابل دید ہے، آج تیسرا کنونشن ہے، آنے والے الیکشن کیلئے گلی محلوں کی سطح پر کارکنوں سے رابطے قائم کئے جائیں گے، پہلے سیاسی جنگ ذاتی رابطوں سے لڑی جاتی تھی، دور حاضر میں سوشل میڈیا پر سیاسی جنگ لڑی جاتی ہے، ہمارے سوشل میڈیا پر ابھی اتنے مضبوط روابط قائم نہیں ہو سکے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر سیاسی مخالفین کے خلاف سیاسی زبان کا استعمال کیا جائے، مسلم لیگ ن کے کارکن سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی اور نازیبا الفاظ کا استعمال نہ کریں، میاں نواز شریف نے کبھی نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے، ہمارے مخالفین پستی میں گر چکے ہیں، ہم نے سیاسی مخالفین کی سطح پر جواب نہیں دینا، مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے۔
 

Advertisement