ہمارے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کے مداوے تک پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا: جاوید لطیف

Published On 25 December,2022 05:22 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ فوری الیکشن پاکستان کے مسائل کا حل نہیں، جب تک ہمارے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کا مداوا نہیں ہو جاتا پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

شیخوپورہ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ لیول پلئنگ فیلڈ کو نہیں مانتے، عمران خان کے کیسوں کا فیصلہ ہو اور ہمارے ساتھ ناانصافی کا ازالہ کیا جائے، ہمارے ہاتھ باندھ کر دوسرے کو اژدھا بنایا جا رہا ہے، ہمارے کیس 4 سال سے زیرالتواء ہیں، انکی ایک اپیل پر پورا دن لگا کر فیصلہ دے دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پنجاب سے متعلق فیصلے 4 سال سے زیرالتواء ہیں، عمران خان اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسا رہا ہے اسکے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی، عمران خان کا مطالبہ نہیں درحقیقت اپنے کیسزز ختم کرانا ہے، عمران کے فیصلے زیرالتواء اور ہماری سزائیں برقرار رہیں یہ کیسے ممکن ہے۔

جاوید لطیف نے مزید کہا کہ عمران خان کا مطالبہ بھی ان لوگوں سے ہے جو اس کو لائے تھے، سہولت کاری آج بھی موجود، آڈیو وڈیو لیکس کی تردید کی بجائے فرانزک کرالیں، پاکستان کی سالمیت کیلئے خاموش ہیں ورنہ تمام کرداروں کو ننگا کردیں گے، صحابہ کرام کا دور لانے کی بات کرنے والے اپنے آپ کو باکردار بنائیں۔ 

Advertisement