لاڑکانہ پہنچ گیا، کل شہید بے نظیر بھٹو کا 15 واں یوم شہادت منائیں گے، بلاول بھٹو

Published On 26 December,2022 06:56 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں لاڑکانہ شہر پہنچ چکا ہوں، کل ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا 15 واں یوم شہادت منائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں کل اپنی تقریر میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو یاد کروں گا، خارجہ اور معاشی امور سمیت دہشت گردی کے مسائل پر بھی بات کروں گا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ گڑھی خدا بخش آئیں اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے15ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کی شہادت سے ملک کا بڑا نقصان ہوا، دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے: راجہ پرویز اشرف

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی آمریت اور انتہا پسندی کے خلاف غیرمعمولی جدوجہد سے رہنمائی لی ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ عوام کی خدمت کرنی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ چند مراعات یافتہ کے لئے نہیں بلکہ سب کے لئے کوشش کرنا ہے۔

Advertisement