لاہور: (دنیا نیوز) ایک اور برس بیت گیا ، ایک اور سال تمام ہوا، 12 بجتے ہی آسمان روشنیوں میں نہا گیا، ملک بھر میں جشن کا سماں۔
تفصیلات کے مطابق نئے سال کا آغاز ہوتے ہی کراچی، لاہور اور اسلام سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرے کئے گئے۔
منچلوں نے سڑکوں پر ہلہ گلہ کیا، ٹیم دنیا کی جانب سے اہل وطن کو نئے سال کی خوشیاں مبارک ہوں۔
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ 2023 کو پاکستان کے عوام کیلئے امن، ترقی اورخوشحالی کا سال بنائے، نئے سال میں دہشتگردی اورانتہا پسندی سے مکمل نجات دلائیں گے، نئے سال کی آمد پر وطن کی خاطر جان دینے والوں قوم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف زرداری نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہےآنے والا سال ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کا سال ہوگا، نئے سال کے موقع پر دعاؤں میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی کو یاد رکھا جائے، انتہائی تکلیف دہ ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ایک بار پھر دہشت گرد حملے کر رہے ہیں، ہمارا وعدہ ہےدہشت گردوں کا صفایا کر کے دھرتی کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے نئے سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئےسال میں تعمیر و ترقی کےعزم کے ساتھ داخل ہوں گے، امن، ترقی، خوشحالی اوراستحکام سال نو میں ہمارے اہداف ہوں گے، 2023 بلوچستان کے قدرتی وسائل کی ترقی کا سال ہوگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قوم کو نئے سال کی مبارک باد امید کرتا ہوں کہ نیا سال قوم کے لئے خوش حالی لائے گا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قوم نے کرونا وائرس کی وبا کا حوصلے کے ساتھ سامنا کیا اور ہم مشکل دور سے نکل آئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سالِ نو کے موقع پورے پاکستان خصوصی طورپر سندھ کے عوام کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ نئے سال میں سیلاب متاثرین کے دکھ کا احساس کر کے اُن کی بحالی کے لیے کام کرنا ہے، نیا سال خوشیوں ، جمہوری استحکام و معاشی ترقی کا سال ثابت ہوگا، نیا سال پاکستان کے لیے دہشت گردی سے پاک اور امن و محبت کا سال ہو گا۔