سال 2022: وہ نوجوان جو پاکستان کیلئے فخر کا باعث بنے

Published On 07 January,2023 04:18 pm

لاہور : (اسمارفیع ) سال 2022 کا سورج ان گنت یادیں سمیٹے افق کے اس پار غروب ہوا اور 2023کا روشن سویرا طلوع ہوچکا ہے ، گزشتہ برس ملکی سیاسی و معاشی حالات بد سے بدتر ہوئے وہیں اسی برس ہمارے نوجوان امید کی ایک کرن بن کر ابھرے ۔

اقبال نے کہا تھا کہ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی ! اقبال کے ان شاہینوں نے اونچی اڑان بھری اور دکھوں اور مصیبتوں کے برس بھی ملک کا پرچم پوری دنیا میں فخر سے بلند کیا ۔

انہی روشن ستاروں کے بارے میں آپ کو بتاتے ہیں ۔

بابراعظم


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ، بلے بازی کا شاید ہی کوئی ریکارڈ ہو، جو انہوں نے توڑا نہیں ہے ، طویل عرصے تک نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بلے باز رہنے کا ریکارڈ ہو یا ایک ہی وقت میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ فائیو بلے بازوں کی فہرست میں رہنے کا ریکارڈ، بابر اعظم کا نام نمایاں حروف میں جگمگا رہا ہے۔

28 سالہ بابر اعظم 2022 سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں، انہوں نے 16 سال بعد محمد یوسف کا ریاکارڈ توڑا ہے ، جنہوں نے 2006 میں 2435 رنز بنائے تھے۔

بطور کپتان بھی ایک سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بابر اعظم کے نام ہے اور ٹی ٹوئنٹی میں لگاتار
سب سے زیادہ میچوں میں کپتانی کرنے کا اعزاز بھی بابر کے نام ہے۔

بابر اعظم نے اس سال ٹیسٹ میں 9، ون ڈے میں 8 اور ٹی 20 میں 10 ففٹی پلس رنز اسکور کیے جبکہ سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا رکی پونٹنگ کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

سال 2022 میں بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں 11 ہزار رنز بنانے والے 11ویں پاکستانی کھلاڑی بن چکے ہیں ۔

ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے کا بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کرکے ایک اور اعزاز اپنے نام کیا ۔

بابر اعظم تین مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پلیئر آف دی منتھ بھی نامزد ہوچکے ہیں ۔

بابر اعظم اپنے کیرئیر میں 90ٹی ٹوئنٹی ، 92 ون ڈے ، 47 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں جس میں ٹی ٹوئنٹی میچ میں دو سنچریاں، ون ڈے میں 17، اور 9 سنچریز ٹیسٹ میچز میں بنائی ہیں ۔

عروج آفتاب

موسیقی کے شعبے میں بھی گزشتہ سال پاکستانی نوجوان بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے ، 2022 میں پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب گریمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں ۔

عروج آفتاب کو سال 2021 میں پہلی بار " گریمی ایوارڈ" کے لیے نامزد کیا گیا تھا ، عروج کو سال 2023 کے گریمی ایوارڈز کے لیے بھی نامزد کیا جاچکا ہے ۔

عروج واحد پاکستانی نژاد گلوکارہ ہیں جو مسلسل دو سال تک موسیقی کے اعلیٰ ترین ایوارڈ کیلئے نامزد ہوئی ہیں ۔

ثمینہ بیگ


دنیا کی تمام بلند ترین چوٹیوں کی فاتح پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ بہت سے اعزازت اپنے نام کرچکی ہیں ، ثمینہ بیگ اب تک کی واحد پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سمیت ساتوں براعظموں کی تمام سات بلند ترین چوٹیاں سر کر رکھی ہیں۔

سال 2022 میں ثمینہ بیگ نے کے ٹو سر کر کے ایک اورنیا ریکارڈ قائم کیا۔

ثمینہ بیگ کو دو مرتبہ اقوام متحدہ کی جانب سے خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا جا چکا ہے، اس کے علاوہ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے   پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ   سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

32 سالہ ثمینہ بیگ کا تعلق گلگت بلتستان میں واقع ضلع ہنزہ کے علاقے شمشال سے ہے جہاں کے کئی لوگوں کا پیشہ کوہ پیمائی ہے۔

شفیقہ اقبال

دنیا بھر میں پاکستانی طلبہ کمپیوٹر سائنسز کے شعبے میں اپنی منفرد پہچان بنا رہے ہیں، اس کی بہترین مثال پنجاب کے شہر صادق آباد سے تعلق رکھنے والی شفیقہ اقبال کی ہے جو دنیا کی معروف کمپنی " گوگل" میں کام کررہی ہیں ۔

24 سالہ شفیقہ اقبال ڈیٹا انجینئر ہیں، جنہوں نے وارسا گوگل پولینڈ کے دفتر میں ملازمت کرنیوالی پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔

شفیقہ اقبال کو لنکڈان کے ذریعے گوگل نے منتخب کیا ، وہ گوگل میں ملازمت کرنے سے قبل ٹیک میں خواتین کی جانب سے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے Upwork میں ٹاپ ریٹیڈ سیلر کے طور پر بھی کام بھی کرتی رہی ہیں ۔

شہروز کاشف

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف اس وقت سب سے کم عمر پاکستانی کوہ پیما ہیں ، 2022 میں بھی شہروز نے بہت سی کامیابیاں سمیٹیں ۔

5جولائی 2022 کو شہروز کاشف نے دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرکے دنیا کے کم عمرترین کوہ پیما ہونے کااعزاز اپنے نام کرلیا ۔

وہ واحد پاکستانی کوہ پیما ہیں جنھوں نے صرف 23 دنوں میں 8000 میٹر کی تین چوٹیوں پانچ مئی 2022 کو دنیا کی تیسری بلند ترین کنچن جنگا (8586 میٹر)، 16 مئی 2022 کو چوتھی بلند ترین لوتسے (8516) اور پانچویں بلند ترین مکالو (8463) کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس سے قبل شہروز نے دنیا کی دوسری بلند اور مشکل ترین چوٹی کے ٹو، ماؤنٹ ایورسٹ ، براڈ پیک  کے علاوہ مکڑا پیک (3885 میٹر)، موسی کا مصلہ (4080 میٹر) چمبرا پیک (4600 میٹر)، منگلک سر (6050 میٹر)، گوندوگرو لا پاس (5585 میٹر)، خوردوپن پاس (5800) اور کہسار کنج (6050 میٹر) کو بھی سر کر رکھا ہے۔

انہوں نے 17 سال کی عمر میں سال 2019 میں براڈ پیک چوٹی کو سر کیا، جس کے بعد انہیں ’دی براڈ بوائے‘ کہا گیا ۔

شہروز کاشف کو 2 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے پر 2 گینیز ورلڈ ریکارڈ کے سرٹیفکیٹ بھی مل چکے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات پر اسپورٹس بورڈ پنجاب نے انہیں پنجاب کا یوتھ ایمبیسڈر بھی مقرر کررکھا ہے۔

رافع بلوچ


28 سالہ رافع بلوچ جنہوں نے گوگل اور اینڈارئڈ میں خامیاں تلاش کرنے پر بطور سائبر سکیورٹی ماہر اور ایتھکل ہیکر شہرت حاصل کی، بعدازاں انہیں دنیا کے سائبر سکیورٹی کے نامور جریدے اعلیٰ سائبر ماہرین کی فہرستوں میں مختلف مواقع پر شامل کر چکے ہیں  ۔

رافع بلوچ لندن سے سائبرسکیورٹی فارنزیکس میں ماسٹرز کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میں بطور سینیئر کنسلٹنٹ کام کر رہے ہیں۔

پاکستانی ہیکر رافع بلوچ کو 23 مارچ 2022 کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سائبر سیکیورٹی کےشعبے میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر " فخر پاکستان " کے ایوارڈ سے بھی نوازا۔

علی سیٹھی

سال 2022 " پسوڑی " سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے گلوکار علی سیٹھی کو معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین نے اپنی سالانہ ’100 نیکسٹ‘ فہرست میں شامل کیا ہے ، وہ واحد پاکستانی گلوکار ہیں جنہیں اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹائم میگزین نے 100 نیکسٹ لسٹ کا آغاز 2020 میں کیا تھا جس میں دنیا بھر کی 100 بہترین شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے ۔

شائی گل


موسیقی کی دنیا میں بہت سے نوجوانوں نے ملک کا نام عالمی سطح پر بلند کیا ان میں شائی گل بھی شامل ہیں ، کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے تحت ریلیز ہونے والے گانے " پسوڑی " کیلئے قسمت کی دیوی جہاں علی سیٹھی پر مہربان رہی وہیں شائی گل بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچی ۔

انہوں نے کیرئیر کا آغاز 2019 سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام سے کیا تھا ۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے تحت ریلیز ہونے والے اس گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس گانے کو اب تک یوٹیوب پر 40 کروڑ 60 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا اور سنا جا چکا ہے۔

مذکورہ گانا  ریلیز کے پہلے 24 گھنٹوں میں 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا پہلا گانا بن گیا جبکہ  گوگل ٹرینڈز میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانیوالے گانوں میں بھی شامل ہوا۔

 ڈاکٹرمہوش شریف

حوصلہ اور جذبہ بلند ہو تو کسی بھی قسم کی معذوری منزل تک پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی ، اس مقولے کو بلوچستان کی ڈاکٹر مہوش شریف نے سخت محنت اور مستقل مزاجی سے سچ کردکھایا۔

ڈاکٹر مہوش شریف پاکستان کی پہلی سماعت سے محروم ڈاکٹر ہیں، وہ اس وقت بلوچستان کے فاطمہ جناح چیسٹ اسپتال کے تپ دق وارڈ میں ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں ۔

25 سالہ ڈاکٹر مہوش وسطی بلوچستان کے ضلع کچی کے ایک دور افتادہ گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں ۔

حافظ ولید ملک


حافظ ولید ملک نے ایم بی بی ایس میں 29 گولڈ میڈلز حاصل کر کے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔

حافظ ولید ملک نے پانچ سالہ تعلیمی دورانیہ میں ہونے والے ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام امتحانات میں 29 گولڈ میڈل حاصل کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اس سے قبل کنگز ایڈورڈز میڈیکل کالج کی طالبہ نے پی ایچ ڈی میں 23 گولڈ میڈلز حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا ۔

کھیل کے میدان کی بات کی جائے تو پاکستانی نوجوان وہاں بھی کسی سے کم نہیں ، پاکستان میں جہاں کھیل کے میدان آباد ہوئے وہیں پاکستانی نوجوانوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام فخر سے بلند کیا ۔

بسمہ معروف


پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف سب سے زیادہ ایک روزہ میچز کھیلنے والی پاکستانی کرکٹر کا اعزاز اپنے نام کررکھا ہے ۔

بسمہ معروف واحد پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے جون 2022 میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا ۔

انٹرنیشنل ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں ون ڈے میچز میں سنچری کے بغیر تین ہزار017 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

2006 میں کریئر کا آغاز کرنیوالی بسمہ معروف 200 سے زائد میچز کھیل چکی ہیں ، 2013ء اور 2020ء کے درمیان ٹیم کی کپتانی کی ۔

 انہوں نے 2022ء کے ورلڈ کپ سے قبل دسمبر 2021ء میں اپنی واپسی کی تصدیق کرنے سے پہلے کرکٹ سے وقفہ لیا۔ بسمہ معروف گزشتہ سال اس وقت بھی خبروں کی زینت بنیں جب وہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میچ کے پاکستان بمقابلہ بھارت میچ کے دوران اپنی چھ ماہ کی بچی کو گود میں لیے اسٹیڈیم پہنچیں۔

اگرچہ گرین شرٹس بھارت کے خلاف آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میچ ہار گئی تھی لیکن ان کی بچی کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور دنیا بھر سے انہوں نے تعریف سمیٹی ۔

بسمہ معروف کو صدر پاکستان کی جانب سے ان کی خدمات کے اعزاز میں 23مارچ 2023 کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

محمد نوح دستگیر بٹ

پاکستان کے 24 سالہ ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے برمنگھم میں جاری دولتِ مشترکہ کھیلوں میں ملک کے لیے پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا ۔

نوح نے 109 کلوگرام سے زیادہ وزن کے ویٹ لفٹرز کے مقابلے میں مجموعی طور پر 405 کلوگرام وزن اٹھا کر نہ صرف گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

 کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں دوسری بار  کسی پاکستانی ویٹ لفٹر نے طلائی تمغہ جیتا ہے ، اس سے قبل 2006 میں شجاع الدین ملک نے میلبرن میں ہونے والے مقابلوں میں 85 کلوگرام وزن کے مقابلے میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

نوح کا تعلق  گوجرانوالہ سے ہے اور انھیں ویٹ لفٹنگ کا شوق ورثے میں ملا ہے۔

نوح دستگیر بٹ نے 2017 میں گولڈ کوسٹ میں منعقدہ کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا اور آسٹریلیا میں ہونیوالی کامن ویلتھ گیمز میں بھی وہ کانسی کا تمغہ جیت سکے تھے ۔

نوح دستگیر کو عمدہ کارکردگی اور بہترین خدمات کا مظاہرہ کرنے پر حکومت کی جانب سے سال2022 میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ۔

احسن رمضان


16 سالہ احسن رمضان نے سال 2022 میں دنیا کے سب سے کم عمر ورلڈ  ایمچر سنوکر چیمپیئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔

احسن رمضان نے مارچ 2022 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی انٹرنیشنل بلیئرڈز سنوکر فیڈریشن کی عالمی سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں اپنے سے کہیں زیادہ تجربہ کار ایران کے کھلاڑی عامر سرکوش کو پانچ کے مقابلے میں چھ فریم سے شکست دی تھی۔

عمدہ کارکردگی اور بہترین خدمات کا مظاہرہ کرنے پر حکومت کی جانب سے سال2022 میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ۔

ارشد ندیم

بائیسویں کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو مقابلے میں نئی تاریخ رقم کرنے والے 25 سالہ ارشد ندیم جنہوں نے ایتھلیٹکس میں پاکستان کا نام روشن کیا،  ارشد  نے برمنگھم میں 90.18 میٹرز دور جیولین تھرو کر کے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا ہے بلکہ کامن ویلتھ گیمز مقابلوں کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

ارشد وہ دوسرے جنوبی ایشیائی ایتھلیٹ ہیں جنھوں نے جیولن تھرو ایونٹ میں 90 میٹر سے زیادہ کی تھرو کی ہے، گذشتہ 60 برسوں میں کامن ویلتھ گیمز کے ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں یہ پاکستان کا پہلا طلائی تمغہ تھا ۔

صائم صادق


پاکستانی ہدایت کار، لکھاری و اداکار صائم صادق کی مختصر فلم  جوائے لینڈ  کو دسمبر 2022 میں دنیا کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈ آسکرز کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔

صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ کو آسکرز کے 95ویں ایوارڈ میلے میں انٹرنیشل فیچر فلم کی کیٹیگری میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 2022 میں ہی یہ فلم دنیا کے سب سے بڑے فلم فیسٹول کانز میں جیوری ایوارڈ اپنے نام کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بننے کا اعزاز اپنے نام کرچکی ہے ۔

جوائے لینڈ نے دو کیٹیگیریز میں ایوارڈز حاصل کیے جن میں ’جیوری پرائز ان دی ان سرٹن ریگارڈ‘ اور ’کانز قیور پالم‘ پرائز شامل ہیں۔

2019 میں صائم صادق کی شارٹ فلم  ڈارلنگ   وینس اورٹورنٹو فلم فیسٹیول میں نمائش کی جاچکی ہے۔

 

Advertisement