سیہون: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں 95 فیصد سیلابی پانی نکل چکا ہے، بلدیاتی الیکشن وقت پر ہوں گے، لوگوں کو اپنے نمائندے ملنے چاہئیں تاکہ وہ لوکل مسائل حل کریں۔
سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز نے سیلاب میں متاثرین کی مدد کی، سیلاب متاثرہ لوگوں کو امداد دی، وہ علاقے جہاں پر سیلاب کا پانی ہے وہاں سے پانی نکال رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے 2 ارب ڈالر سیلاب زدگان کے گھروں کی بحالی کے لیے دیا ہے، اگلے ہفتے میں لوگوں کو گھر بنانے کا کام شروع ہو گا، زراعت کے لیے 5 ہزار فی ایکڑ ہاریوں کو دیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ آئندہ انتخاب میں کس کو ٹکٹ دینی ہے، ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی خبریں صرف میڈیا میں سنتا ہوں، مجھے کسی ذمہ دار آدمی نے ٹیکنو کریٹ حکومت سے متعلق نہیں بتایا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کچھ غیر ذمہ دار لوگ ٹیکنو کریٹ حکومت کی باتیں کرتے ہیں، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے۔