لاہور: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی لاہور میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔
پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد کی رہائش گاہ مخدوم ہاؤس لاہور میں سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی آمد اور مخدوم احمد محمود سے اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی اور رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی اقتصادی، معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ موجودہ ملکی حالات میں تمام سیاسی پارٹیوں اور دینی جماعتوں سمیت محب وطن پاکستانیوں کو ملکر ملکی تعمیرو ترقی عوام کی خوشحالی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئیے۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اداروں کا سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ جمہوریت کی فتح ہے، اگر اسٹیبلشمنٹ نے اپنا وعدہ پورا کیا تو ملکی ترقی و جمہوری اداروں اور جمہوریت کی مضبوطی سے کوئی نہیں روک سکتا، اگر کوئی آرٹیکل 6 جیسی حرکتیں کرے گا تو پھر ملکی آئین و قانون کے مطابق اسکا بندوبست کیا جائیگا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی ہے شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے لے کر جائیں، ہم نے جمہوری طریقے سے عدم اعتماد کے ذریعے پہلی بار تاریخ میں پارلیمان کے اندر عدم اعتماد کو کامیاب کر کے وزیراعظم کو گھر بھیجا، یہ پہلا وزیراعظم ہے جسے جمہوری و آئینی طریقے سے نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آصف علی زرداری کا کریڈٹ بائیڈن کو دینا چاہ رہے ہیں، اس کو امریکی صدر نے نہیں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے نکالا، وائٹ ہاؤس نہیں بلاول بھٹو نے گھر بھیجا ہے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو مزدوروں اور کسانوں کی اصل نمائندہ تھیں، وہ جھوٹ کی نہیں سچ کی سیاست پر یقین رکھتی تھیں، وہ تقسیم نہیں یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی تھیں۔
مخدوم احمد محمود نے کہا کہ آمریت بندوق کی طاقت سے آپ کی آزادی چھینتی ہے، دہشت گرد خوف پھیلا کر آپ کے حقوق سلب کرتے ہیں، شہید بی بی کہتی تھیں دہشت گردی اور آمریت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ہم جھوٹ کی سیاست کو رد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو ہم جوڑیں گے، کٹھ پتلیوں کی جھوٹ کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کریں گے اور یکجہتی کے ساتھ شہید قائد کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔