اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نوٹس ارسال کر دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹس کے مطابق عمران خان کو 11 جنوری دن 10 بجے ذاتی یا بذریعہ وکیل طلب کیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نااہلی کے باوجود آپ پی ٹی آئی کے چئیرمین ہیں، الیکشن کمیشن کے رو برو پیش ہو کر وضاحت کریں۔
نوٹس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا گیا کہ اثاثوں کے بارے میں غلط بیانی پر عمران خان نااہل کئے گئے، نااہل شخص پارٹی کا سربراہ نہیں رہ سکتا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نوٹس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کے ذریعے بھجوایا گیا، عمران خان کو نوٹس بنی گالہ کے پتہ پر ارسال کیا گیا۔