یونین کونسلوں کی نئی حلقہ بندیوں کا یکطرفہ نوٹیفیکیشن قبول نہیں: فیاض چوہان

Published On 08 January,2023 11:55 am

لاہور (دنیا نیوز)ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سےیونین کونسلوں کی نئی حد بندیاں کرنے کے یکطرفہ نوٹیفیکیشن کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

فیاض چوہان کا اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عوامی رائے کے بغیر اپنا یکطرفہ فیصلہ تھوپنے کی کوشش کی ہے۔ الیکشن کمیشن کا یکطرفہ فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مخصوص پارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ایسے اقدام کر رہا ہے۔ ، الیکشن کمیشن کے ایسے فیصلے عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہیں۔

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شکست کا اتنا خوف تو پی ڈی ایم کو نہیں جتنا الیکشن کمیشن کو ہے۔ پنجاب حکومت اور پوری پی ٹی آئی قیادت اس نوٹیفکیشن کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرے گی۔