لاہور : (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلی و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک زرعی ملک میں آٹے کیلئے عوام مرنے لگیں تو اسے ہی ڈیفالٹ کہتے ہیں۔
ترجمان وزیراعلٰی و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ کل سندھ میں ایک شہری سستا آٹا لیتے ہوئے بھگدڑ مچنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک زرعی ملک میں آٹے کیلئے عوام مرنے لگے تو اسے ہی ڈیفالٹ کہتے ہیں، حکومت پاکستان عملی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے، جعلی حکومت کے نااہل وزراء کے چہروں پر کوئی شرمندگی نہیں۔
اگر حالات کنٹرول نہ کیے گئے تو کچھ روز میں عوام معاملات خود اپنے ہاتھ میں لے لے گی
— Musarrat Cheema (@MusarratCheema) January 8, 2023
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پاکستان کی غریب عوام اب فاقوں پر پہنچ چکی ہے اور اشیائے خورونوش کی قلت کے بعد اب پٹرول مزید مہنگا کرنے کی بھی تیاری ہے۔
مسرت جمشید چیمہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حالات کنٹرول نہ کیے گئے تو کچھ روز میں عوام معاملات خود اپنے ہاتھ میں لے لے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میرپورخاص میں سستے آٹے کے حصول کے لئے سٹال پر ہونے والی دھکم پیل میں ایک شہری ہجوم کے پیروں تلے دب کر جاں بحق ہوگیا تھا۔