اتحادی حکومت نے ملک کی باگ ڈور پاکستان کی سالمیت کیلئے سنبھالی، قمر زمان کائرہ

Published On 08 January,2023 06:47 pm

لالہ موسیٰ: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کی باگ ڈور پاکستان کی سالمیت کی خاطر سنبھالی اور ملک کو اس تباہی اور بربادی سے محفوظ رکھا جس دھانے پر عمران خان ملک کو پہنچا چکے تھے۔

لالہ موسیٰ میں 2 کروڑ 74 لاکھ روپے کی لاگت سے لالہ موسیٰ ڈنگہ لنک روڈ کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دور پاکستان کے ہر شعبے میں تباہی کی مانند ثابت ہوا ،عمران خان نے گزشتہ 4 سال میں ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا اور سعودی عرب، چین ، ترکی اور ملائیشیا جیسے ممالک جنہوں نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ان ممالک سے عمران خان نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو خراب کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس پاکستان کے موجودہ نوجوان وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو ثابت کرتے ہوئے سفارتی محاذ پر لاجواب کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے پارلیمان، الیکشن کمیشن اور دیگر اہم اداروں کو بےجا تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، عمران خان نے افغانستان سے دہشتگردوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جس کی وجہ سے آج پھر بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں سیکورٹی کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔

مشیر وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کو نہ ماننے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ریاست کی رٹ کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ملک میں لوگ مہنگائی سے دوچار ہیں جس پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یوکرین روس جنگ اور ملک میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے صوبائی حکومتوں پر بھی زور دیا کہ وہ مہنگائی قابو کرنے کے لیے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا فوری خاتمہ کریں، موجودہ پنجاب حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اور اس کا جلد خاتمہ ہو جائے گا جس سے پنجاب میں دھونس دھاندلی اور لاقانونیت کا بھی خاتمہ ہو گا۔