لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی بیرون ملک دورے سے واپسی پر ن لیگ کی سینئر نے ان سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں لیگی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم الیکشن سےگھبراتے نہیں، ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی بیرون ملک دورے سے واپسی پر سینئر لیگی قیادت وزیراعظم کو کامیاب دورے کی مبارکباد دینے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی، سینئر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے شہباز شریف سے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی وطن واپسی، رہائشگاہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گئی
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی سمری پر وہی ہوگا جو آئین و قانون کہتا ہے، ہم الیکشن سے گھبرانے والے نہیں، آخر میں جو عمران خان کے ساتھ ہونا ہے پھر پتا لگے گا۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پہلے مارشل لاء کے ذریعے توڑا جاتا تھا اب سیاسی آمر توڑ رہا ہے، اگر الیکشن ہوتا ہے تو تیاری مکمل ہے، الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، بعض معاملات قانونی اور آئینی ہونے کے ساتھ غیر مناسب بھی ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 24 گھنٹے میں بلائے جانے کا امکان
لیگی رہنما عطاء تارڑ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ گورنر صاحب کو اسمبلی تحلیل کرنے پر جلد دستخط کر دینے چاہئیں، ہماری مرکزی قیادت بہت جلد بیرون ملک سے واپس آ کر ہمارے درمیان ہو گی، پرویز الہٰی نے کل اور پرسوں اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کا ہمیں پیغام بھجوایا، پرویز الہی کو ان کی اپنی حکومت ختم ہونے پر مبارکباد۔